لاہور: پاکستان نیوی کی آٹھویں میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ کی اختتامی تقریب پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں منعقد ہوئی، جہاں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی نے پاکستان کی بلیو اکانومی میں پوشیدہ وسیع مواقع اور ان سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اکیسویں صدی میں سمندروں کی Geo-economic اور Geo-strategic اہمیت غیر معمولی حد تک بڑھ چکی ہے، اور علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی کے قیام میں پاک بحریہ کا کردار انتہائی اہم ہے۔
یوسف رضا گیلانی نے ملکی سمندری سرحدوں کے دفاع اور میری ٹائم سیکیورٹی کے مضبوط نظام کے قیام میں پاکستان نیوی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ قوم میں سمندروں کی اہمیت اور قومی سلامتی سے اس کے تعلق کے بارے میں بھرپور آگاہی پیدا کر رہی ہے۔ انہوں نے قومی جہاز رانی اور ماہی گیری کے شعبوں کی استعداد بڑھانے پر بھی زور دیا تاکہ معیشت اور سماجی ترقی میں اضافہ ہو سکے۔
تقریب میں آمد پر چیئرمین سینیٹ کا استقبال چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے کیا۔ بعد ازاں کمانڈانٹ پاکستان نیوی وار کالج ریئر ایڈمرل سہیل احمد عزمی نے ورکشاپ کی سرگرمیوں اور اس کے اہم پہلوؤں کا جامع جائزہ پیش کیا۔
میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ پاک بحریہ کا سالانہ پروگرام ہے جس کا مقصد بحری سلامتی، خطے کی جیوپولیٹکس، اور بحرِ ہند کی اسٹریٹجک اہمیت کے حوالے سے قومی سطح پر فہم و آگاہی کو فروغ دینا ہے۔ ورکشاپ میں اراکینِ پارلیمنٹ، پالیسی سازوں، بیوروکریٹس، ماہرینِ تعلیم، کاروباری شخصیات، مسلح افواج کے افسران اور میڈیا نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔

