خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور ملک کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ بعض مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ اور طغیانی کے باعث معمولات زندگی متاثر ہوئے۔
Tuesday, 12 May 2026
مانسہرہ، سوات، مالاکنڈ اور خیبرپختونخوا کے دیگر علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ مظفرآباد، نکیال، وادی نیلم اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا۔
بارشوں کے باعث وادی نیلم کی مرکزی شاہراہ مرناٹ کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آکر بند ہوگئی، جس سے ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہوئی۔
دوسری جانب نالہ جاگراں میں طغیانی کے باعث کنڈل شاہی پاور ہاؤس بند کردیا گیا، جس کے نتیجے میں متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
لوئر کوہستان کے علاقے جیجال کے قریب شاہراہ قراقرم بھی بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہوگئی، جبکہ متعلقہ اداروں نے سڑکوں کی بحالی کا کام شروع کردیا ہے۔
ادھر سندھ کے میدانی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے، تاہم اسلام آباد اور لاہور میں ہلکی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔
