کراچی (20 فروری 2026): سینئر وزیر سندھ Sharjeel Inam Memon نے قومی ایکشن پلان 2021 کے تحت مرکزی اپیکس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے آر این اے پی 2021 کے انفارمیشن ڈومین کا جامع پلان آف ایکشن باضابطہ طور پر منظور کر دیا۔
’ممتا‘ پروگرام کی عالمی سطح پر پذیرائی، ورلڈ بینک نے سندھ حکومت کی کارکردگی کو سراہ دیا
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یہ جامع پلان آف ایکشن وفاقی حکومت کو آر این اے پی سیکریٹریٹ کے ذریعے ارسال کیا جائے گا، جبکہ عمل درآمد کی پیش رفت کا سہ ماہی جائزہ لینے اور باقاعدہ رپورٹنگ جاری رکھنے کی بھی منظوری دی گئی۔
سینئر وزیر نے اجلاس میں صوبائی سطح پر آر این اے پی 2021 کے تحت ہونے والی پیش رفت اور جامع ایکشن پلان کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں الیکٹرانک، ڈیجیٹل اور آؤٹ ڈور میڈیا کے ذریعے مربوط مہمات چلانے، فلموں اور دستاویزی پروگراموں کے ذریعے قومی بیانیے کو مستحکم کرنے، اور "معرکۂ حق” کے بعد دشمن کے بیانیے کا مدلل توڑ کرنے کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ جامع ایکشن پلان میں متحدہ قومی بیانیے کی تشکیل، پاکستانی شناخت اور پیغامِ پاکستان کے فروغ، انتہاپسندی اور گمراہ کن پروپیگنڈے کا مؤثر جواب، ڈیجیٹل احتساب اور عوامی آگاہی جیسے اقدامات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی بیانیے کو مضبوط اور مربوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے اور ایک متحد قومی بیانیہ ہی دشمن کے پروپیگنڈے کا مؤثر جواب دے سکتا ہے اور نئی نسل کو مثبت اور تعمیری سمت فراہم کر سکتا ہے۔
سندھ حکومت آر این اے پی 2021 کے تحت اپنی ذمہ داری سنجیدگی سے ادا کر رہی ہے اور انفارمیشن ڈومین میں ایسے اقدامات کیے جا رہے ہیں جو قابلِ پیمائش اور دیرپا نتائج کے حامل ہوں۔ شرجیل انعام میمن نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت سندھ قومی سلامتی، امن و استحکام اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے وفاقی ہدایات کے مطابق بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔
