میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام نے پیپلز پارٹی کو موقع دیا تو اس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور شہر بھر میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔
معرکۂ حق میں کامیابی کے بعد پاکستانی لڑاکا طیاروں کی عالمی مانگ میں اضافہ، وزیر اعظم شہباز شریف
میئر کراچی کا کہنا تھا کہ آئندہ چند دنوں میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں کراچی کے لیے ایک بڑا ترقیاتی پیکج متعارف کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن اور سندھ حکومت مل کر کام کر رہی ہیں جبکہ ٹاؤن انتظامیہ بھی اسی جذبے کے تحت تعاون کرے۔
مرتضیٰ وہاب نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے تعمیراتی کام مرحلہ وار مکمل کیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو کم سے کم پریشانی کا سامنا ہو۔
انہوں نے کہا کہ شہر کی تمام اہم شاہراہوں کو مرحلہ وار بہتر بنایا جائے گا۔ جہانگیر روڈ کی تعمیر و بحالی سے نہ صرف ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی بلکہ شہری سہولتوں میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔ ان کے مطابق جہانگیر روڈ کی بحالی کراچی کی مجموعی ترقیاتی حکمت عملی کا اہم حصہ ہے۔
میئر کراچی نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کو موقع ملنے کے بعد شہر میں دن رات کام ہو رہا ہے اور مختلف رکے ہوئے منصوبوں کو دوبارہ بحال کیا جا رہا ہے تاکہ کراچی کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔
