کراچی: کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہر بھر میں روڈ سائڈ تجاوزات کے خلاف جاری مہم کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کمشنر نے مختلف اضلاع میں دوبارہ تجاوزات قائم ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے حلف نامہ جمع کرانے والوں کو ایس او پی پر عمل کرنے کا پابند کرنے کی ہدایت کی۔
کراچی: کیڈا کے 22 رکنی وفد کی ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان سے ملاقات
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حلف نامہ جمع کرانے کے باوجود ایس او پی کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا اور گرفتاری بھی کی جا سکے گی۔ ڈپٹی کمشنرز نے بریفنگ دی کہ ایس او پی پر عمل کرنے کی تحریری یقین دہانی کے بعد تمام دکانوں اور ہوٹلز کو ڈی سیل کر دیا گیا ہے اور حلف نامہ جمع کرانے والے ہوٹلوں اور دکانوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
ڈپٹی کمشنرز کی رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر شہر بھر میں 632 دکانیں اور 250 ہوٹلز سیل کیے گئے، جن میں سب سے زیادہ سخت کارروائی سب ڈویژن صدر میں کی گئی جہاں 257 دکانیں اور 47 ہوٹلز سیل کیے گئے تھے، جو ایس او پی پر عمل کرنے کا حلف نامہ وصول ہونے کے بعد ڈی سیل کر دیے گئے۔
کمشنر کراچی نے اجلاس میں زور دیا کہ شہر میں روڈ سائڈ تجاوزات کے بڑھتے رجحان کو ترجیحی اقدامات کے ذریعے روکنے کی ضرورت ہے۔ اجلاس میں تمام ڈپٹی کمشنرز، ایڈیشنل کمشنر ون غلام مہدی شاہ، اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹرز رابعہ سید، اسسٹنٹ کمشنر جنرل حاظم بھنگوار اور دیگر افسران نے شرکت کی۔
