کراچی بڑی تباہی سے بچ گیا، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کم عمر بلوچ بچی کو خودکش حملے کے منصوبے سے بچا لیا: وزیر داخلہ سندھ

کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں ایک کم عمر بلوچ بچی کو خودکش حملے کے منصوبے سے بچا لیا گیا۔ وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے انکشاف کیا ہے کہ دہشت گرد تنظیمیں سوشل میڈیا کے ذریعے بچوں کو نشانہ بنا رہی ہیں اور معصوم ذہنوں کی ذہن سازی کر کے انہیں خودکش حملہ آور بنانے کی کوشش کر رہی ہیں۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تاریخی تیزی، کے ایس ای 100 انڈیکس پہلی بار 174 ہزار کی سطح عبور کر گیا

کراچی میں ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی محمد آزاد خان اور ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ سندھ نے بتایا کہ مذکورہ بچی کا تعلق بلوچستان سے ہے، جو ایک عام اسکول میں زیر تعلیم ہے۔ بچی کے والد کا انتقال ہوچکا ہے جبکہ اس کا خاندان حکومت پاکستان سے پنشن حاصل کر رہا ہے، اور اس کے بھائی پولیس سمیت دیگر سرکاری اداروں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ دہشت گرد عناصر نے سوشل میڈیا اور واٹس ایپ گروپس کے ذریعے بچی کی ذہن سازی کی، جہاں کالعدم تنظیموں کی کارروائیوں کو بہادری کے طور پر پیش کیا گیا۔ تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بروقت کارروائی سے نہ صرف بچی کی جان بچائی گئی بلکہ کراچی ایک بڑے سانحے سے محفوظ رہا۔

پریس کانفرنس کے دوران شناخت مخفی رکھتے ہوئے متاثرہ بچی اور اس کی والدہ کی گفتگو بھی میڈیا کو دکھائی گئی۔ وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ دہشت گردوں کا نیا ہدف ہمارے بچے ہیں اور سوشل میڈیا کو بطور ہتھیار استعمال کیا جا رہا ہے، جس کے خلاف بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی سندھ محمد آزاد خان نے بتایا کہ 25 دسمبر کی شب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران کالعدم دہشت گرد نیٹ ورک کی سنگین سازش ناکام بنائی گئی اور کم عمر بچی کو بحفاظت تحویل میں لیا گیا۔ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ غیر ملکی پشت پناہی یافتہ نیٹ ورک نے نفرت انگیز مواد کے ذریعے بچی کی ذہن سازی کی اور ہمدردی کے نام پر اسے خودکش حملے کے لیے آمادہ کرنے کی کوشش کی۔

انہوں نے بتایا کہ ڈی بریفنگ کے بعد کم عمری کے پیش نظر بچی کو مکمل تحفظ اور عزت کے ساتھ اس کے خاندان کے حوالے کر دیا گیا۔ بچی کی والدہ نے ریاستی اداروں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ماں کی طرح ان کی بچی کی جان اور عزت دونوں کو محفوظ رکھا۔

ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی سندھ نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو نفرت انگیز اور دہشت گرد مواد کے خلاف مؤثر اقدامات کرنے ہوں گے۔

63 / 100 SEO Score

One thought on “کراچی بڑی تباہی سے بچ گیا، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کم عمر بلوچ بچی کو خودکش حملے کے منصوبے سے بچا لیا: وزیر داخلہ سندھ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!