شاہ لطیف ٹاؤن پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے کار لفٹنگ اور اسنیچنگ کی وارداتوں میں ملوث 4 رکنی منظم گینگ کو گرفتار کر لیا۔ ایس ایس پی ملیر ڈاکٹر عبدالخالق کے مطابق گرفتار ملزمان کراچی کے مختلف علاقوں میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی چوری و اسنیچنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔
صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو سے مختلف وفود کی ملاقات عوامی مسائل کے فوری حل کی ہدایت
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے بغیر چابی کے گاڑیوں کے لاک کھولنے والی جدید ڈیوائس، دو پستول، چار موٹر سائیکلیں اور ایک کار برآمد کی گئی ہے۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے قیمتی گاڑیاں بغیر چابی کے کھول کر چوری کرتے تھے۔
ایس ایس پی ملیر کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں شمشاد، مجیب، عبدالزاق اور رمیز شامل ہیں، جن کا سابقہ کرمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے۔ تفتیش کے دوران ملزمان نے متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے جبکہ یہ بھی سامنے آیا ہے کہ واردات کے دوران مزاحمت کی صورت میں فائرنگ سے بھی گریز نہیں کیا جاتا تھا۔
پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ گینگ کے دیگر سہولت کاروں کی تلاش بھی جاری ہے۔

