صوبائی وزیر ترقیٔ نسواں سندھ شاہینہ شیر علی کی زیرِ صدارت کاروباری خواتین کے لیے مالی معاونت سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں خواتین کو مالی وسائل تک آسان رسائی فراہم کرنے کے لیے نئی اسکیم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔
ایس آئی ایف سی کی معاونت سے معدنی شعبے میں انقلاب بلوچستان میں پاک–چین مشترکہ منصوبے کا آغاز
اجلاس میں اسکیم کے عملی طریقۂ کار، شفاف قرض کی فراہمی، اور کاروباری خواتین کو اپنے کاروبار کے فروغ میں سہولت دینے سے متعلق مختلف اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
وزیر ترقیٔ نسواں شاہینہ شیر علی کا کہنا تھا کہ خواتین کو مالی طور پر خود مختار بنانا محکمہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی معاشی سرگرمیوں میں بھرپور شمولیت نہ صرف ان کے لیے بااختیاری کا ذریعہ ہے بلکہ صوبے کی مجموعی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔
اس ضمن میں نئی اسکیم منتخب مائیکرو فنانس بینکس (MFBs) اور مائیکرو فنانس اداروں (MFIs) کے تعاون سے شروع کی جائے گی۔ وزیر موصوفہ نے بتایا کہ یہ اسکیم جلد آغاز کے لیے تیار ہے، جس سے صوبے میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور خواتین حقیقی معنوں میں معاشی خودمختاری حاصل کرسکیں گی۔
اجلاس میں سیکریٹری محکمہ ترقیٔ نسواں رشید احمد زرداری، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے نمائندگان اور دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔
