کراچی: پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے مچھر کالونی سے اغواء برائے تاوان میں ملوث خطرناک ملزم محمد نور عرف منا ڈانسر کو گرفتار کرلیا۔ رینجرز کے مطابق ملزم کے قبضے سے غیر ملکی کرنسی اور ایک موبائل فون بھی برآمد ہوا۔
سپریم کورٹ رولز 2025 کے جائزے کے لیے فل کورٹ اجلاس 8 ستمبر کو طلب
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف تھانہ جمشید کوارٹر میں مقدمہ درج ہے۔ 14 اگست کو ملزم اور اس کے ساتھیوں نے مزار قائد کے قریب 15 سالہ راشد بلیدی کو اغواء کرنے کی کوشش کی تھی، تاہم ساتھیوں کو رینجرز نے گرفتار کرلیا تھا جبکہ منا ڈانسر فرار ہوگیا تھا۔ گرفتار ساتھیوں میں عامر علی، بلال علی، فیصل رانا، محمد نعمان، فرید الحق، محمد نور اور ملزمہ گلزارہ شبیر شامل تھے۔
ابتدائی تفتیش میں منا ڈانسر نے انکشاف کیا کہ وہ اغواء برائے تاوان، پولیس مقابلے، اقدام قتل اور چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔ اس نے اعتراف کیا کہ وہ اپنے ساتھی محمد آصف کے ہمراہ یکم اگست 2025 کو کراچی کے علاقے جمعہ گوٹھ، ابراہیم حیدری سے 19 سالہ خاتون مسکان زوجہ عمیر کے اغواء میں بھی شامل تھا، جس کا مقدمہ تھانہ ابراہیم حیدری میں درج ہے۔
رینجرز کے مطابق گرفتار ملزم ایک عادی مجرم ہے جو متعدد بار جیل جاچکا ہے اور کراچی کے مختلف تھانوں میں اس کے خلاف کئی مقدمات درج ہیں۔ گرفتار ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔
رینجرز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا جرائم پیشہ عناصر کی اطلاع فوری طور پر قریبی چیک پوسٹ یا رینجرز ہیلپ لائن 1101 اور واٹس ایپ نمبر 0347-9001111 پر فراہم کریں۔ ترجمان نے یقین دہانی کرائی کہ اطلاع دینے والے کا نام صیغۂ راز میں رکھا جائے گا۔
