کراچی کی تاریخ پر اقبال اے رحمان مانڈویا کی تیسری کتاب "میرے زمانے کی کراچی” کی تقریبِ رونمائی — مقررین کا شہر سے بے حسی پر افسوس کا اظہار

کراچی: کراچی کی تاریخ پر سند کی حیثیت رکھنے والے معروف مورخ و محقق اقبال اے رحمان مانڈویا کی نئی کتاب "میرے زمانے کی کراچی” کی تقریبِ رونمائی مقامی ہال میں منعقد ہوئی، جس میں ممتاز ماہرین تعلیم، صحافیوں، محققین اور معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

کراچی: فائرنگ کے واقعے میں پانچ افراد زخمی، پولیس کی تفتیش جاری

تقریب کی صدارت معروف ماہر تعلیم ڈاکٹر فرحت عظیم نے کی، جبکہ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض شکیل احمد نے انجام دیے۔

سابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا:
"کراچی کی بربادی کے ذمہ دار ہم خود ہیں۔ ہم اپنے گھروں سے محبت کرتے ہیں مگر شہر سے نہیں۔ جب میں ایف بی آر کا سربراہ تھا تو کہا تھا کہ لیاقت آباد مارکیٹ کا ٹیکس پورے لاہور سے زیادہ ہے، جس پر مخالفت بھی ہوئی۔ مگر حقیقت یہی ہے کہ کراچی کے وسائل کو نظر انداز کیا گیا۔ ہم نے اپنے محسنوں کے ناموں کو مٹاکر شہر کی تاریخ کو مسخ کیا۔ کراچی سے دشمنی دراصل پاکستان سے دشمنی کے مترادف ہے۔”

ماہر تعلیم پروفیسر فرحت عظیم نے کہا:
"دو رشتے انسان کو باعزت بناتے ہیں — کتاب اور زمین۔ جن قوموں نے ان سے تعلق مضبوط رکھا، وہی کامیاب ہوئیں۔”

معروف محقق و صحافی شاہ ولی اللہ جنیدی نے مصنف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا:
"اقبال اے رحمان مانڈویا نے کراچی کی تاریخ پر پہلے دو کتابیں لکھ کر اپنی شناخت بنائی، اور اب تیسری کتاب میں ان علاقوں پر روشنی ڈالی ہے جن پر یا تو لکھا ہی نہیں گیا یا بہت کم لکھا گیا۔ یہ ایک تاریخی خدمت ہے جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔”

دیگر مقررین میں ڈاکٹر اقبال ہاشمانی، سلمان صدیقی، انجنیئر عبیداللہ کیہر، اور گل بانو شامل تھے، جنہوں نے کراچی کی تاریخ کے دستاویزی کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی کتابیں نئی نسل کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہیں۔

تقریب میں کراچی کی علمی، ادبی اور صحافتی شخصیات نے شرکت کی اور کتاب کو کراچی کی گمشدہ تاریخ کے احیاء کی ایک اہم کڑی قرار دیا۔

60 / 100 SEO Score

One thought on “کراچی کی تاریخ پر اقبال اے رحمان مانڈویا کی تیسری کتاب "میرے زمانے کی کراچی” کی تقریبِ رونمائی — مقررین کا شہر سے بے حسی پر افسوس کا اظہار

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!