پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) نے بدھ کے روز کاروباری ہفتے کے تیسرے دن اور نئے مالی سال کے دوسرے روز تاریخی تیزی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیا سنگِ میل عبور کر لیا۔
پاکستان دہشتگردی کیخلاف ہراول دستہ ہے افغان حکومت وعدے نبھائے بھارتی قیادت مذاکرات کی میز پر آئے بلاول بھٹو زرداری
پی ایس ایکس کی ویب سائٹ کے مطابق بدھ کی دوپہر 12 بج کر 56 منٹ پر بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 1964 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 130,164 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، جو کہ اسٹاک مارکیٹ کی تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ ہے۔
یاد رہے کہ منگل کو بھی نئے مالی سال کے پہلے کاروباری روز مارکیٹ میں 2,572 پوائنٹس (2.05 فیصد) کا زبردست اضافہ دیکھا گیا تھا، جس سے انڈیکس 128,199 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
چیز سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر ریسرچ یوسف ایم فاروق نے مارکیٹ کی اس تیزی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں جغرافیائی کشیدگی میں کمی، شرحِ سود میں ممکنہ کمی اور معاشی استحکام کے اشارے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کا باعث بنے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سرمایہ کار اس سیزن میں مضبوط کارپوریٹ نتائج کی توقع رکھتے ہیں اور مارکیٹ کا Price-to-Earnings تناسب اب معمول کی سطح کی طرف بڑھ رہا ہے۔ ان کے مطابق مارکیٹ اب تیزی کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، جس کا مظاہرہ وسیع پیمانے پر مختلف شعبوں میں نظر آنے والی سرگرمی اور عوامی شمولیت سے ہوتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اسٹاک مارکیٹ کی بلند ترین سطح پر پہنچنے پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیا مالی سال ایک مثبت آغاز کے ساتھ شروع ہوا ہے، جو حکومتی معاشی پالیسیوں پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی توجہ اقتصادی بحالی، سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری فضا کو سازگار بنانے پر مرکوز ہے، اور اسٹاک مارکیٹ کا حالیہ رجحان اس سمت میں پیش رفت کا عملی ثبوت ہے۔
