تشکر نیوز اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے یونان کشتی حادثے میں ملوث انسانی اسمگلرز سمیت دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان نے متاثرین سے 85 لاکھ روپے ہتھیائے تھے۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے گجرانوالہ زون عبدالقادر قمر کے مطابق یونان کشتی حادثے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری ہے۔ گرفتار ملزمان میں محمد اسلم اور سعید احمد شامل ہیں۔ ملزم محمد اسلم بین الاقوامی انسانی اسمگلنگ گینگ کا حصہ تھا اور متاثرین کو یورپ بھجوانے کے بہانے لاکھوں روپے بٹور رہا تھا۔
ایف آئی اے نے ایک اور کارروائی کے دوران گجرات سے ایک انسانی اسمگلر کو گرفتار کیا جو جعلی سفری دستاویزات کی تیاری میں ملوث تھا۔ اس کے علاوہ گارڈن ٹاؤن پاسپورٹ آفس پر چھاپے کے دوران چار ایجنٹ اور ایک گارڈ کو گرفتار کیا گیا، جن پر شہریوں سے پاسپورٹ بنوانے کی مد میں رشوت لینے کا الزام تھا۔
یونان کشتی حادثہ: پس منظر
چند روز قبل یونان کے قریب کشتی الٹنے کے باعث متعدد تارکین وطن جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے، جن میں پاکستانی بھی شامل تھے۔ دفتر خارجہ نے حادثے میں بچائے گئے 47 پاکستانیوں کی فہرست جاری کی تھی جبکہ 5 پاکستانیوں کی موت کی تصدیق ہوئی تھی۔
وزیر اعظم کی ہدایات
وزیر اعظم شہباز شریف نے واقعے کی تحقیقات جلد مکمل کرنے، سہولت کاروں کی نشاندہی، اور ایف آئی اے کے ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کے احکامات دیے تھے۔