اسلام آباد: ترلائی میں امام بارگاہ پر خودکش دھماکا، درجنوں شہید و زخمی، وفاقی دارالحکومت لرز اٹھا

وفاقی دارالحکومت کے مضافاتی علاقے ترلائی میں امام بارگاہ خدیجتہ الکبریٰ کے اندر جمعہ کی نماز کے دوران خودکش دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 31 افراد شہید جبکہ 160 سے زائد زخمی ہو گئے۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ آواز دور دور تک سنی گئی اور قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
پولیس پر کسی دباؤ کو قبول نہیں کریں گے، کے پی پولیس سیاسی مداخلت سے آزاد ہے: وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی

پولیس کے مطابق دھماکا نمازِ جمعہ کے دوران ہوا، اطلاع ملتے ہی پولیس، ریسکیو اہلکار اور بم ڈسپوزل اسکواڈ موقع پر پہنچ گئے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خودکش حملہ آور کو امام بارگاہ میں داخلے سے روکا گیا جس پر اس نے مرکزی دروازے پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس کے نتیجے میں بھاری جانی نقصان ہوا۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے 31 شہادتوں اور 160 سے زائد زخمیوں کی تصدیق کی ہے، جبکہ دھماکے کے بعد وفاقی دارالحکومت کے تمام بڑے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ اسپتال حکام کے مطابق پمز اسپتال میں 60، پولی کلینک میں 13، فیڈرل جنرل اسپتال میں 27 اور بے نظیر اسپتال میں 2 زخمی لائے گئے ہیں۔ گنجائش کم ہونے کے باعث متعدد زخمیوں کو اسلام آباد اور راولپنڈی کے دیگر اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق دھماکا دوسری رکعت میں سجدے کے وقت ہوا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آور نے پہلے فائرنگ کی، سکیورٹی اہلکاروں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور اسی دوران خودکش حملہ آور نے خود کو مرکزی دروازے پر دھماکے سے اڑا لیا۔

آئی جی اسلام آباد نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس دھماکے میں ان کے قریبی عزیز بھی شہید ہوئے ہیں۔

وزیراعظم کی مذمت
وزیراعظم شہباز شریف نے ترلائی میں امام بارگاہ کے اندر ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے۔ وزیراعظم نے وزیرداخلہ محسن نقوی کو واقعے کی فوری تحقیقات اور ذمہ داروں کے تعین کا حکم دیا، جبکہ وزیر صحت کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ ملک میں شرپسندی اور بے امنی پھیلانے والوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور ذمہ دار عناصر کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔

61 / 100 SEO Score

One thought on “اسلام آباد: ترلائی میں امام بارگاہ پر خودکش دھماکا، درجنوں شہید و زخمی، وفاقی دارالحکومت لرز اٹھا

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!