کراچی (تشکر نیوز) جامعہ این ای ڈی کے شعبہ میکنیکل انجینئرنگ میں فرینڈز کیفے کلب آف کینیڈا کے تعاون سے لیکچرر ہال کی تزئین و آرائش مکمل کر دی گئی ہے۔ اس موقع پر فرینڈز کلب نے اعلان کیا کہ اگلے برس 50 نادار افراد کو جدید طرز کے کاروباری ٹھیلے فراہم کیے جائیں گے۔
شمالی بحیرہ عرب میں پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کا شاندار SAR آپریشن، 19 ماہی گیر ریسکیو
استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شعبہ مکینیکل انجینئرنگ کے چیئرمین ڈاکٹر مبشر صدیقی نے این ای ڈی المنائی کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ یہ تعاون جامعہ کی ترقی اور فلاحی منصوبوں میں اہم کردار ادا کرے گا۔
فرینڈز کیفے کلب آف کینیڈا کے چیئرمین خرم توحید نے تقریب میں پریزینٹیشن پیش کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا میں رہنے کے باوجود دل ہمیشہ پاکستان اور این ای ڈی کے لیے دھڑکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "بزنس آن ویل پروجیکٹ” کے تحت جدید طرز کے 50 ٹھیلے شعبہ مکینیکل انجینئرنگ کے تعاون سے تیار کیے جائیں گے اور نادار افراد کو کاروبار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی، وائس چانسلر این ای ڈی، ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے فرینڈز کلب کینیڈا کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کلب حقیقی معنوں میں اپنی جامعہ سے دوستی نبھا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹھیلے نادار افراد کے لیے روزگار کا ذریعہ بنیں گے اور یہ اقدام انجینئرنگ اور سماجی فلاح کا بہترین امتزاج ہے۔