کراچی: ملیر چیک پوسٹ نمبر 2 ریلوے پھاٹک کے قریب اسکول کی ہائی ایس وین اور منی ایکسچیج کمپنی کی ہائی روف وین میں خوفناک تصادم میں ہائی روف وین میں سوار 2افراد جاں بحق جبکہ اسکول کے 3 بچوں سمیت 4 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق جمعے کی صبح کھوکھراپار تھانے کے علاقے میں پیش آنے والے حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشیں قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دی گئی۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت 50 سالہ محمد شفیع ولد نواب خان اور 55 غلام شبیرولد محمد ابراہیم کے نام سے کی گئی۔
ایس ایچ او کھوکھراپار بابر محمود کے نجی اسکول کی ہائی ایس وین میں 3اسکول کے بچے سوار تھے جوکہ معمولی زخمی ہوئے جبکہ ہائی روف وین میں منی ایکسچینج کے سیکیورٹی گارڈ اور ڈرائیور سمیت 3 افراد سوار تھے، حادثے میں منی ایکسچیج کمپنی کا سیکیورٹی گارڈ اور ڈرائیور جاں بحق ہوا جبکہ وین میں سوار ایک شخص زخمی بھی ہوا۔
ایس ایچ او نے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والی منی ایکسچینج کمپنی کی وین میمن گوٹھ سے دودھ لے کر آرہی تھی، پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد جاں بحق افراد کی لاشیں ورثا کے حوالے کر دیں۔