ذوالحجہ کا چاند نظر آنے کا اعلان، عیدالاضحیٰ 27 مئی کو منائی جائے گی

کراچی: مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے ذوالحجہ 1447 ہجری کے چاند کی رویت کا باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں عیدالاضحیٰ 27 مئی بروز بدھ کو منائی جائے گی۔

صدر فیروز موبائل مارکیٹ میں ڈکیتی، قیمتی موبائل فونز لوٹ کر ملزمان فرار، سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے

تفصیلات کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس کراچی میں محکمہ موسمیات کے دفتر میں چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں ویڈیو لنک کے ذریعے منسلک رہے۔ اجلاس میں محکمہ موسمیات اور سپارکو کے ماہرین نے بھی شرکت کی اور فلکیاتی و موسمی صورتحال سے متعلق بریفنگ دی۔

اجلاس کے بعد چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چاند نظر آنے کا باضابطہ اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں کی تصدیق کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ ذوالحجہ کا چاند نظر آ گیا ہے اور عیدالاضحیٰ 27 مئی بروز بدھ کو ہوگی۔

اس سے قبل چیئرمین کمیٹی کا کہنا تھا کہ تمام زونل کمیٹیوں سے مسلسل رابطہ رکھا گیا اور جیسے ہی شہادتیں موصول ہوئیں، حتمی اعلان کر دیا گیا۔ ان کے مطابق کراچی میں موسم صاف تھا اور چاند نظر آنے کے امکانات پہلے ہی ظاہر کیے جا رہے تھے۔

دوسری جانب سپارکو کی پیشگوئی میں بتایا گیا تھا کہ ذوالحجہ 1447 ہجری کا نیا چاند 17 مئی 2026 کی رات 1 بج کر 1 منٹ پر پیدا ہوا تھا، جبکہ غروب آفتاب کے وقت اس کی عمر تقریباً 18 گھنٹے 30 منٹ تھی۔ ادارے کے مطابق ساحلی علاقوں میں رویت کے موافق حالات موجود تھے اور عیدالاضحیٰ 27 مئی کو ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔

سپارکو نے واضح کیا تھا کہ چاند کی رویت اور اسلامی مہینوں کے آغاز کا حتمی فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی ہی کرتی ہے، جو ملک بھر سے موصول ہونے والی مصدقہ شہادتوں کی بنیاد پر اعلان کرتی ہے۔

One thought on “ذوالحجہ کا چاند نظر آنے کا اعلان، عیدالاضحیٰ 27 مئی کو منائی جائے گی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!