عطاء اللہ تارڑ کی سنو نیوز سی ای او سے ملاقات، میڈیا ورکرز کے مسائل کے حل اور برطرف ملازمین کی بحالی پر اتفاق

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ سے سنو نیوز کے سی ای او نے ملاقات کی، جس میں میڈیا ورکرز کے حقوق، ٹی وی چینلز کو درپیش مالی و انتظامی مسائل اور برطرف کیے گئے ملازمین کے معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

فریال تالپور سے کراچی چیمبر آف کامرس کے وفد کی ملاقات، کاروباری مسائل اور معاشی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال

ملاقات میں وزیراعظم کے میڈیا کوآرڈینیٹر بدر شہباز وڑائچ اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن بھی موجود تھے۔ اجلاس کے دوران سنو نیوز سے 114 ملازمین کی برطرفی کے معاملے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ ملاقات میں برطرف کیے گئے ملازمین کے واجبات کی فوری ادائیگی پر اتفاق کیا گیا ہے جبکہ نچلی سطح کے ملازمین بشمول ڈرائیورز اور ٹیکنیکل اسٹاف کی بحالی کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا اداروں کو درپیش مالی مسائل کے حل کے لیے حکومت تعاون جاری رکھے گی۔

عطاء اللہ تارڑ کے مطابق میڈیا ورکرز کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی ادارے میں ملازمین کی تنخواہوں میں مزید کٹوتی یا نئی برطرفیوں کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ سنو نیوز کی جانب سے طے شدہ نکات پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے، جس کے بعد اشتہارات کی پابندی ختم کر دی گئی ہے۔ برطرف کیے گئے دیگر ملازمین کے لیے متبادل روزگار کے مواقع تلاش کیے جائیں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ حکومت تمام میڈیا اداروں کے ساتھ مل کر مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے حقوق کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!