کراچی: صدر عبداللہ ہارون روڈ پر واقع فیروز موبائل مارکیٹ میں ڈکیتی کی واردات پیش آئی، جہاں کسٹمر بن کر آنے والے ملزمان دکاندار سے قیمتی موبائل فونز لے کر فرار ہوگئے۔
ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبہ تیزی سے جاری، اگست تک مکس ٹریفک لینز مکمل ہوں گے: شرجیل میمن
پولیس اور تاجر ذرائع کے مطابق ملزمان نے آئی فون 11 پرو میکس اور آئی فون 13 پرو میکس لوٹے اور موقع سے موٹرسائیکل پر فرار ہوگئے۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے جس میں ملزمان کو واردات کے بعد فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔
تاجر رہنماؤں کے مطابق واردات میں ملوث ملزمان موٹرسائیکل پر سوار تھے اور بغیر نمبر پلیٹ کے آئے تھے۔ صدر کراچی موبائل الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن نے بتایا کہ جرائم پیشہ عناصر کھلے عام وارداتیں کر رہے ہیں جبکہ بغیر نمبر پلیٹ موٹرسائیکلوں کے خلاف مؤثر کارروائی نہیں کی جا رہی۔
تاجر رہنما منہاج گلفام نے کہا کہ ایک طرف شہریوں اور تاجروں پر ٹریفک قوانین کے تحت سخت چالان کیے جا رہے ہیں جبکہ دوسری جانب جرائم پیشہ عناصر آزاد گھوم رہے ہیں۔
صدر موبائل مارکیٹ میں بڑھتی ہوئی وارداتوں پر تاجروں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے اور انہوں نے سیکیورٹی کے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
