کراچی: ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تھانہ جوہر آباد کی حدود صوبہ نگر دستگیر میں دو گروپوں کے درمیان ہونے والے تصادم میں ملوث 24 افراد کو گرفتار کر لیا۔ واقعے کا مقدمہ پولیس مدعیت میں درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
اے وی ایل سی کی کارروائی، شاہراہِ بھٹو سے چھینی گئی ٹیوٹا فورچیونر برآمد، ملزمان فرار
پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ شب اس وقت پیش آیا جب بچوں کے معمولی جھگڑے کے بعد دو فریقین کے درمیان تنازع شدت اختیار کر گیا۔ دونوں گروپوں کی جانب سے ایک دوسرے پر پتھراؤ، جلاؤ گھیراؤ اور ہنگامہ آرائی کی گئی، جس کے نتیجے میں علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
اطلاع ملنے پر ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان کی ہدایت پر پولیس کی بھاری نفری فوری موقع پر پہنچ گئی اور حالات کو قابو میں لے لیا۔ کارروائی کے دوران دونوں فریقین کے مجموعی طور پر 24 افراد کو حراست میں لیا گیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ الزام نمبر 167/2026 بجرم دفعات 147، 148، 149، 435 اور 427 تعزیراتِ پاکستان کے تحت تھانہ جوہر آباد میں درج کر لیا گیا ہے۔
ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ بچوں کے جھگڑے کے بعد بڑے افراد بھی آپس میں الجھ گئے، جس کے باعث صورتحال سنگین ہوگئی اور دونوں جانب سے شدید ہنگامہ آرائی کی گئی۔
پولیس نے واضح کیا ہے کہ شہر میں امن و امان کو خراب کرنے اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی، جبکہ تمام ملوث افراد کو قانون کے مطابق جوابدہ بنایا جائے گا۔
