کراچی: اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ (ایس آئی یو) / سی آئی اے کراچی نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ سلطان شاہ گینگ کے ایک اہم کارندے کو پولیس مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ذوالحجہ کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں جاری
ترجمان ایس ایس پی ایس آئی یو/سی آئی اے ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو کے مطابق کارروائی کازوے شاہراہ بھٹو، تھانہ کے آئی اے کی حدود ضلع کورنگی میں کی گئی، جہاں ملزمان کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت الطاف حسین عرف فوجی ولد محمد قاسم شیخ کے نام سے ہوئی ہے، جو ایک عادی اور سخت گیر جرائم پیشہ ملزم ہے۔ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے ایک 9 ایم ایم پستول بھی برآمد کی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے دو ساتھی زاہد حسین ولد سومار خان اور سید حیدر علی شاہ عرف علی وارث ولد سلطان شاہ اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔
ایس آئی یو کے مطابق گرفتار ملزم بدنام زمانہ سلطان شاہ گینگ کا سرگرم رکن ہے، جو خیرپور، سکھر، کراچی، جامشورو اور دیگر اضلاع میں ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔
تحقیقات کے مطابق گینگ بینکوں سے رقم نکلوانے والے شہریوں کو نشانہ بناتا تھا، جبکہ بینک کے اندر موجود ایک نوجوان لڑکا ٹارگٹ کی نشاندہی کرتا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہی گینگ خیرپور میں سابق ایم پی اے نواب خان وسان کے سسر کو بھی لوٹ چکا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق گینگ کا سرغنہ سلطان شاہ اور اس کا بیٹا تقریباً ایک سال قبل سکھر پولیس کے ساتھ مقابلے میں مارے جا چکے ہیں۔
گرفتار ملزم الطاف حسین عرف فوجی کے خلاف خیرپور اور جامشورو کے مختلف تھانوں میں اقدام قتل، پولیس مقابلہ، ڈکیتی اور اسلحہ ایکٹ سمیت سنگین نوعیت کے متعدد مقدمات درج ہیں۔
پولیس نے گرفتار ملزم کے خلاف تھانہ ایس آئی یو میں مزید مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے، جبکہ گینگ کے دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
