وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری نے کہا ہے کہ شہریوں کی جانب سے بجلی کے بل ادا نہ کرنا لوڈشیڈنگ کی بڑی وجہ ہے۔
افغانستان دہشتگردوں کی پشت پناہی بند کرے، ورنہ کھلی جنگ ہوگی: خواجہ آصف
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے اویس لغاری نے بتایا کہ ملک بھر کے ساڑھے 11 ہزار فیڈرز پر زیرو لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، تاہم اگر بجلی کی بندش نہ کی جائے تو مالی خسارہ مزید بڑھ جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت لوڈشیڈنگ کے نظام کو فیڈرز کی سطح سے ٹرانسفارمر کی سطح پر منتقل کرنے جا رہی ہے تاکہ بجلی چوری اور نادہندگی پر مؤثر کنٹرول کیا جا سکے۔
وفاقی وزیر کے مطابق آئندہ ایک سال کے دوران تکنیکی امور مکمل کر کے نئی پالیسی نافذ کر دی جائے گی۔
اویس لغاری نے کہا کہ ان کے اپنے حلقے میں بھی 5 فیڈرز پر 18 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ نئے نظام کے تحت جس ٹرانسفارمر سے منسلک صارفین بجلی کے بل ادا نہیں کریں گے وہاں لوڈشیڈنگ کی جائے گی، جبکہ بل ادا کرنے والے صارفین کو بہتر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
