اشتہاری ملزم کو کراچی میں ملیر کینٹ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کر لیا ہے، جو لاڑکانہ کے دوہرے قتل کیس میں طویل عرصے سے پولیس کو مطلوب تھا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت عبدالحکیم عرف گڈو کے نام سے ہوئی ہے، جسے تھانہ ملیر کینٹ کی ٹیم نے ایک ٹارگٹڈ کارروائی کے دوران حراست میں لیا۔
حکام کے مطابق ملزم نہ صرف لاڑکانہ کے دوہرے قتل کیس میں نامزد تھا بلکہ اس پر قتل، منشیات اور دیگر سنگین نوعیت کے مقدمات بھی درج ہیں۔ اس کے خلاف کراچی اور دادو میں بھی مقدمات کی تصدیق ہوئی ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ ملزم کے خلاف ایکسائز پولیس میں منشیات سے متعلق مقدمہ بھی درج ہے، جس کی تفتیش مختلف سطحوں پر جاری رہی۔
پولیس نے تصدیق کی ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے بعد لاڑکانہ کے باکا پور پولیس اسٹیشن کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے تاکہ مزید قانونی کارروائی آگے بڑھائی جا سکے۔