بوٹ بیسن: تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن، غیر قانونی تعمیرات اور رکاوٹیں مسمار

تجاوزات کے خلاف کراچی کے بوٹ بیسن علاقے میں صدر ٹاؤن انتظامیہ نے بڑا آپریشن کرتے ہوئے سڑکوں، فٹ پاتھوں اور سرکاری اراضی پر قائم غیر قانونی تعمیرات اور رکاوٹوں کو مسمار کر دیا۔

انتظامیہ کے مطابق یہ کارروائی چیئرمین صدر ٹاؤن منصور شیخ، میونسپل کمشنر عمار خان، ڈائریکٹر علی اکبر مہر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر مظہر خلیل کی ہدایات پر ٹی ایم سی انچارج شاہنواز کی نگرانی میں کی گئی۔

آپریشن کے دوران متعدد عارضی ڈھانچے، غیر قانونی اسٹالز اور دیگر تجاوزات کو ہٹا دیا گیا۔ بلدیاتی عملے نے موقع پر موجود رہ کر تمام رکاوٹوں کے خاتمے کو یقینی بنایا۔

ٹی ایم سی انچارج شاہنواز نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی اور کسی بھی فرد کو سرکاری زمین پر غیر قانونی قبضے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں اور دکانداروں سے اپیل کی کہ وہ بلدیاتی قوانین کی مکمل پابندی کریں۔

انتظامیہ کے مطابق اس آپریشن کا مقصد ٹریفک کی روانی بہتر بنانا، عوامی سہولت کو یقینی بنانا اور شہری ماحول کو منظم کرنا ہے۔ اس سلسلے میں مزید علاقوں میں بھی کارروائیوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

صدر ٹاؤن کے چیئرمین منصور شیخ اور میونسپل کمشنر عمار خان نے کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہری سہولیات کی بہتری اور شہر کی خوبصورتی کے لیے تجاوزات کے خلاف مہم مستقل بنیادوں پر جاری رہے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!