غیر قانونی کٹائی کے خلاف کراچی کے ضلع وسطی میں ضلعی انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کر لیا ہے اور ان کے خلاف مقدمہ بھی درج کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی طحہٰ سلیم کے مطابق یہ کارروائی بفرزون میں پیپلز چورنگی کے قریب کی گئی، جہاں اطلاع ملنے پر اسسٹنٹ کمشنر نارتھ ناظم آباد نے موقع پر پہنچ کر کارروائی کی اور درخت کاٹنے میں ملوث افراد کو حراست میں لے لیا۔
انتظامیہ نے گرفتار افراد کو بعد ازاں مختارکار نعمت اللہ چاچڑ کے ذریعے تیموریہ تھانے منتقل کیا، جہاں ان کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔ حکام کے مطابق گرفتار افراد میں عمر اسپورٹس سے منسلک ایک ملازم بھی شامل ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع وسطی میں درختوں کی غیر قانونی کٹائی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ماحول کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ درختوں کی کٹائی سے ماحولیاتی توازن متاثر ہوتا ہے، اسی لیے ضلعی انتظامیہ ماحول کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کر رہی ہے۔ متاثرہ علاقے میں دوبارہ شجرکاری کی بھی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے تاکہ سبزہ بحال کیا جا سکے۔
