کراچی: ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ساؤتھ مہظور علی نے انسداد پولیو مہم کے دوسرے روز ضلع ساؤتھ میں قائم پولیو کیمپوں کا تفصیلی دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے پولیس اہلکاروں کو سخت ہدایت کی کہ پولیو ٹیموں اور والدین کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ مہم بلا تعطل اور کامیابی سے جاری رہ سکے۔
گارڈن پولیس کی کامیاب کارروائی: گاڑی و رکشہ چور گرفتار، دو چوری شدہ گاڑیاں برآمد
ایس ایس پی نے فیلڈ میں موجود پولیس افسران، خواتین اہلکاروں اور انٹیلیجنس اسٹاف کو سیکیورٹی سے متعلق جامع بریفنگ بھی دی، تاکہ ٹیموں کی حفاظت کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
اپنے دورے کے دوران مہظور علی نے نہ صرف حفاظتی اقدامات کا معائنہ کیا بلکہ خود بھی بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر اس قومی مہم میں اپنی عملی شرکت کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنے کے لیے قطرے ضرور پلوائیں اور پولیو ٹیموں سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔
ایس ایس پی مہظور علی کا کہنا تھا، "پولیو کے خلاف جنگ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ پولیس نہ صرف سیکیورٹی فراہم کر رہی ہے بلکہ عملی طور پر بھی اس قومی مشن کا حصہ ہے۔”
پولیس کی جانب سے ضلع ساؤتھ میں پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی کے لیے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔