کراچی کے علاقے ڈیفنس میں پولیس نے اسٹریٹ کرائم میں ملوث مبینہ ملزمان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کر لیا، جبکہ ان کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس کے مطابق یہ کارروائی ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی کی ہدایات پر تھانہ ڈیفنس پولیس نے انجام دی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کی شناخت کرسٹوفر ولد ستار، محمد عابد ولد گل زمان اور عبدالرحمن ولد عبدالستار کے ناموں سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے ایک 30 بور پستول دو زندہ راؤنڈز سمیت، ایک پلاس اور ایک آرا بلیڈ برآمد کیا گیا ہے۔
ابتدائی تفتیش کے دوران پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتار ملزمان اسٹریٹ کرائم کی مختلف وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔ تاہم ان الزامات کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف تھانہ ڈیفنس میں مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ درج مقدمات میں ایف آئی آر نمبر 468/2026 بجرم دفعات 399 اور 402 تعزیراتِ پاکستان جبکہ ایف آئی آر نمبر 469/2026 آرمز ایکٹ کی دفعہ 23(i) کے تحت درج کی گئی ہے۔
ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ فرار ہونے والے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔