...

کراچی میں ٹریفک حادثات میں 30 فیصد کمی، ہیوی گاڑیوں سے اموات نصف رہ گئیں: ڈی آئی جی ٹریفک

کراچی: ڈی آئی جی ٹریفک کراچی پیر محمد شاہ نے کہا ہے کہ جدید ٹریفک نگرانی، ڈیجیٹل مانیٹرنگ اور اصلاحاتی اقدامات کے نتیجے میں شہر میں ٹریفک حادثات سے ہونے والی اموات اور زخمیوں کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے، جبکہ ہیوی گاڑیوں سے ہونے والی اموات گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً نصف رہ گئی ہیں۔

کراچی: محرم الحرام سیکیورٹی پلان پر ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس کی اعلیٰ سطحی بریفنگ

انہوں نے یہ بات کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) میں صنعتکاروں اور کاروباری برادری سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں کاٹی کے صدر محمد اکرام راجپوت، نائب صدر محمد طلحہ علی، سابق صدر جنید نقی، ایس ایس پی ٹریفک کورنگی اسرار احمد چنگیزی، ایس ایس پی ٹریفک ایسٹ امجد حیات، ایس ایس پی ٹریفک ملیر محمد طاہر خان اور دیگر افسران و صنعتکاروں نے شرکت کی۔

ڈی آئی جی ٹریفک کے مطابق گزشتہ سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران 447 مہلک ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے تھے، جبکہ رواں سال اسی عرصے میں یہ تعداد کم ہو کر 308 رہ گئی ہے، جو تقریباً 30 فیصد کمی کو ظاہر کرتی ہے۔ اسی طرح شدید زخمی ہونے کے واقعات 806 سے کم ہو کر 569 رہ گئے ہیں۔

پیر محمد شاہ نے بتایا کہ بڑی گاڑیوں سے ہونے والی اموات گزشتہ سال 155 تھیں، جو رواں سال کم ہو کر 75 رہ گئی ہیں۔ ان کے مطابق ٹریفک قوانین پر عملدرآمد، نگرانی کے جدید نظام اور شہریوں میں بڑھتے ہوئے شعور نے اس بہتری میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں ٹریفک نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ٹریفک فلو یونٹ اور ٹریفک ڈرون یونٹ قائم کیے گئے ہیں۔ اس وقت شہر بھر میں 1300 کیمروں کے ذریعے ٹریفک کی نگرانی کی جا رہی ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید 2250 کیمرے نصب کیے جائیں گے۔

ڈی آئی جی ٹریفک نے واضح کیا کہ کم عمر بچوں کی ڈرائیونگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی گئی ہے اور موٹر سائیکل کا کم از کم چالان ڈھائی ہزار روپے مقرر ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات اور غیر قانونی پارکنگ ٹریفک جام کی بڑی وجوہات ہیں، جن کے تدارک کے لیے 34 اہم مقامات کی نشاندہی کر کے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اس موقع پر کاٹی کے صدر محمد اکرام راجپوت نے کہا کہ کراچی کی معاشی سرگرمیوں اور صنعتی ترقی کا انحصار مؤثر ٹریفک نظام پر ہے۔ انہوں نے ٹریفک پولیس کی جانب سے ای چالان سسٹم، جدید ٹیکنالوجی اور نظم و ضبط کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ نظام ترقی یافتہ شہروں جیسے دبئی اور لندن کے معیار سے ہم آہنگ ہے۔

انہوں نے کورنگی سہولت سینٹر کی اپ گریڈیشن، صنعتی علاقوں میں ٹریفک مینجمنٹ کی بہتری، لین ڈسپلن کے نفاذ، تجاوزات کے خاتمے اور صنعتکاروں کی مشاورت سے ہیوی ٹریفک پالیسی مرتب کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر کاٹی جنید نقی اور نائب صدر محمد طلحہ علی نے بھی جدید ٹریفک نظام، ڈیجیٹل نگرانی اور مؤثر قانون نافذ کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بہتر ٹریفک انتظام سے شہری زندگی کے ساتھ ساتھ کاروباری سرگرمیوں پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!
Seraphinite AcceleratorOptimized by Seraphinite Accelerator
Turns on site high speed to be attractive for people and search engines.