کراچی کے علاقے ہجرت کالونی میں تجاوزات کے خلاف ایک بڑے آپریشن کے دوران بلدیاتی انتظامیہ نے سرکاری اراضی واگزار کرا لی ہے۔ حکام کے مطابق کارروائی صدر ٹاؤن میں جاری انسدادِ تجاوزات مہم کا حصہ تھی، جس کا مقصد عوامی گزرگاہوں، سڑکوں اور فٹ پاتھوں سے غیر قانونی قبضوں کا خاتمہ کرنا ہے۔
بلدیاتی حکام کے مطابق آپریشن ٹی ایم سی انچارج شاہنواز کی نگرانی میں کیا گیا، جبکہ یہ کارروائی میونسپل کمشنر صدر ٹاؤن عمار خان، ٹاؤن چیئرمین صدر ٹاؤن منصور شیخ اور ڈائریکٹر انسدادِ تجاوزات علی اکبر مہر کی ہدایات پر عمل میں لائی گئی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران متعدد غیر قانونی تعمیرات، رکاوٹیں اور سرکاری زمین پر قائم تجاوزات کو بھاری مشینری کی مدد سے ہٹا دیا گیا۔ حکام کے مطابق اس عمل کے نتیجے میں کئی عوامی راستے دوبارہ کھول دیے گئے ہیں، جس سے شہریوں کی آمدورفت میں آسانی پیدا ہوگی۔
موقع پر موجود ٹی ایم سی انچارج شاہنواز نے عملے کو ہدایت کی کہ عوامی مقامات پر کسی بھی قسم کی غیر قانونی قبضہ گیری برداشت نہیں کی جائے گی اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
مقامی رہائشیوں نے انتظامیہ کے اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اسی طرح کی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ علاقے میں ٹریفک اور پیدل چلنے والوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔
میونسپل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صدر ٹاؤن کو تجاوزات سے پاک بنانے کے لیے مہم بلا تعطل جاری رہے گی اور سرکاری اراضی پر قبضے یا غیر قانونی تعمیرات کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔