کراچی: ڈسٹرکٹ سٹی میں گارڈن پولیس نے انٹیلیجنس بیسڈ ٹارگٹڈ کارروائی کرتے ہوئے گاڑی اور رکشہ چوری کی وارداتوں میں ملوث پیشہ ور ملزم احمد شاہ کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق، ملزم کو تھانہ گارڈن کی حدود سے گرفتار کیا گیا۔
انٹر بورڈ کے تحت امتحانات کا بیسواں روز، 44 موبائل فونز برآمد، “یومِ تکبیر” پر تعطیل کا اعلان
کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے ایک چوری شدہ سوزوکی گاڑی (نمبر KR-6475) اور ایک چوری شدہ رکشہ (نمبر D-28849) برآمد کیا گیا۔ دونوں گاڑیوں کے مقدمات تھانہ گارڈن میں درج کر لیے گئے ہیں، جن کی تفصیلات بالترتیب ایف آئی آر نمبر 199/2025 اور 200/2025 ہیں، جو دفعہ 381-A کے تحت درج کیے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ احمد شاہ ایک عادی اور پیشہ ور مجرم ہے، جو کراچی کے مختلف علاقوں میں چوری کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔ ملزم اس سے قبل بھی ایک مقدمے میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔
گرفتار ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (AVLC) کے حوالے کیا جا رہا ہے۔