مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ملک شفیع کھوکھر پی پی 167 کے ضمنی انتخابات میں بلامقابلہ کامیاب ہو گئے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ان کی کامیابی کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
نیو کراچی میں رینجرز کی بڑی کارروائی، بھتہ خوری میں ملوث 4 مسلح ملزمان گرفتار
الیکشن کمیشن کے مطابق مجموعی طور پر پانچ امیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائے تھے، تاہم اشفاق احمد، عطا فرید، عمیر سیف اور محمد گلزار نے بعد ازاں اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے۔ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے کسی بھی امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کروائے تھے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے اس حلقے میں ضمنی انتخابات 4 فروری کو کرانے کے لیے پبلک نوٹس جاری کیا تھا، تاہم دیگر امیدواروں کے دستبردار ہونے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے رہنما ملک محمد شفیع کھوکھر بلامقابلہ رکنِ صوبائی اسمبلی منتخب ہو گئے۔
یہ نشست سابق ایم پی اے عرفان شفیع کھوکھر کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی، جس پر اب مسلم لیگ (ن) نے بغیر مقابلے کے کامیابی حاصل کر لی ہے۔
