پاکستان رینجرز (سندھ) نے کراچی کے علاقے نیو کراچی میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بھتہ خوری میں ملوث چار مسلح ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار افراد میں عبدالقادر بگٹی ولد اسرار احمد، معشوق علی ولد محمد صالح، غلام حسین ولد علی حسین سومرو اور عبدالحکیم ولد حامد بخش شامل ہیں۔
پی پی 167 ضمنی انتخاب، مسلم لیگ (ن) کے ملک شفیع کھوکھر بلامقابلہ ایم پی اے منتخب
ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان کے قبضے سے ایک عدد 12 بور بندوق بمعہ ایمونیشن، ایک عدد 9 ایم ایم پسٹل بمعہ ایمونیشن، ایک کرولا کار، ایک موٹر سائیکل، تین موبائل فونز اور نقدی برآمد کر لی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق 20 جنوری 2026 کو پاکستان رینجرز (سندھ) کو رینجرز ہیلپ لائن 1101 پر ایک نجی گارمنٹس فیکٹری کے مالک کی جانب سے شکایت موصول ہوئی، جس میں بتایا گیا کہ چار مسلح افراد اسلحے کے زور پر فیکٹری میں داخل ہو کر 15 لاکھ روپے بھتے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
اطلاع ملتے ہی رینجرز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے موقع پر پہنچ کر فیکٹری کو گھیرے میں لے لیا اور چاروں مسلح بھتہ خوروں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ گرفتار ملزمان بھتہ خوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہے ہیں، جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان کو اسلحہ، ایمونیشن اور مسروقہ سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ترجمان رینجرز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بھتہ خوری یا دیگر جرائم میں ملوث عناصر کے بارے میں معلومات فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر فراہم کریں۔ اطلاع دینے والے کا نام مکمل طور پر صیغۂ راز میں رکھا جائے گا۔
