نیو کراچی کے علاقے میں سندھ رینجرز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے بھتہ خوری میں ملوث چار مسلح ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی کے دوران ملزمان کو رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔
گرین لینڈ کے معاملے پر نیٹو ممالک متحد، امریکا اور یورپ میں بیانات کی جنگ تیز
ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق ایک نجی گارمنٹس فیکٹری کے مالک نے اطلاع دی کہ چار مسلح افراد اسلحے کے زور پر فیکٹری میں داخل ہو گئے ہیں اور 15 لاکھ روپے بھتے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اطلاع موصول ہوتے ہی رینجرز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے موقع پر پہنچ کر فیکٹری کو گھیرے میں لے لیا اور چاروں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار ملزمان کی شناخت عبدالقادر بگٹی، معشوق علی، غلام حسین اور عبدالحکیم کے نام سے ہوئی ہے۔ ترجمان کے مطابق ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، ایک کرولا کار، ایک موٹر سائیکل، تین موبائل فونز اور نقدی برآمد کی گئی ہے۔
ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ گرفتار ملزمان بھتہ خوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔ رینجرز حکام کے مطابق ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
