کراچی: آرمی پبلک اسکول اینڈ کالج سی او ڈی کراچی میں اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (ایس ایس یو) کمانڈوز کی جانب سے ہوسٹائل انوائرمنٹ اویئرنیس ٹریننگ کا انعقاد کیا گیا۔ یہ تربیتی سیشن پرنسپل محترمہ سروت جاوید کے تعاون سے منعقد کیا گیا، جس میں کمانڈنٹ ایس ایس یو عامر نیازی نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
کمانڈنٹ عامر نیازی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایس ایس یو ایک جدید اور پیشہ ورانہ ادارہ ہے جو شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ امن و امان برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تربیتی سیشن کا مقصد طلبہ کو ہنگامی اور دہشت گردی کی صورتِ حال میں درست ردِعمل دینے کی عملی تربیت فراہم کرنا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ “پشاور اے پی ایس حملے جیسے سانحات سے نمٹنے کے لیے آگاہی اور تیاری وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ دہشت گردی کا خطرہ اب بھی موجود ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے ایسی تربیت ناگزیر ہے۔”
تربیتی سیشن کے دوران ایس ایس یو کمانڈوز نے دہشت گردی کی فرضی کارروائی کا عملی مظاہرہ کیا اور طلبہ کو ہنگامی حالات میں ردِعمل، انخلا کے طریقے اور دفاعی حکمتِ عملی کے عملی نکات سکھائے۔
تقریب کے اختتام پر پرنسپل محترمہ سروت جاوید نے مہمانِ خصوصی اور ایس ایس یو ٹیم کو یادگاری شیلڈز پیش کیں اور ان کے تعاون پر اظہارِ تشکر کیا۔
