کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سنی تحریک کا عظیم الشان میلاد جلوس مرکز اہلسنت سے شروع ہو کر سربراہ تحریک محمد شاداب رضا نقشبندی کی قیادت میں نمائش (نورانی) چورنگی پہنچا۔ جلوس کے شرکاء نے نعرہ تکبیر، نعرہ رسالت اور تاجدار ختم نبوت ﷺ زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے فضاء کو معطر کردیا۔
صدر مملکت نے اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹیز ترمیمی بل 2025 کی منظوری دے دی
جلوس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے خاتم الانبیاء حضرت محمد مصطفی ﷺ کا ذکر بلند کیا اور آپ ﷺ کو تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا۔ ایمان کی معراج نبی کریم ﷺ سے عشق و محبت ہے، میلاد منانا دراصل عشقِ رسول ﷺ کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر معرضِ وجود میں آیا مگر افسوس یہاں ابھی تک نظام مصطفی ﷺ نافذ نہیں ہوسکا۔ صرف نظام مصطفی ﷺ کا نفاذ ہی ملک کو ترقی اور انصاف کی ضمانت دے سکتا ہے۔
نمائش چورنگی پر استقبالیہ کیمپ میں نائب سربراہ محمد شاہد غوری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی نظام کے نفاذ کی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نے قادیانیوں کو غیر مسلم قرار دلوانے والی تاریخی جدوجہد پر قائد ملت اسلامیہ کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ دین اسلام امن و سلامتی اور احترامِ انسانیت کا درس دیتا ہے۔
تقریب میں مرکزی رہنماؤں فہیم الدین شیخ، محمد آفتاب قادری، محمد شہزاد قادری، محمد مبین قادری، محمد سلیم قادری، غلام مرتضیٰ قادری، ظہیر الحسن قادری، کراچی امیر محمد فرقان قادری، نائب امیر فرحان راجپوت، عارف منصوری، صاحبزادہ بلال رضا بھٹی سمیت جید علماء کرام شریک ہوئے۔
شرکاء نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ محبت، اتحاد اور اخوت کا پیغام ہے، نفرتوں کو ختم کرکے ملک کو امن کا گہوارہ بنانا ہوگا۔
