اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) صدر مملکت آصف علی زرداری نے اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹیز ترمیمی بل 2025 کی منظوری دے دی ہے۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق اس بل کی منظوری کے بعد ڈیوٹیز یکم جولائی 2020ء سے مؤثر ہوں گی۔
پی ٹی آئی نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان سمیت 12 اراکین اسمبلی کو پارٹی سے نکال دیا
ترمیمی بل قومی اسمبلی اور سینیٹ سے منظور ہونے کے بعد صدر مملکت کو بھجوایا گیا تھا۔ یہ ترمیم اس وقت سامنے آئی جب چینی گرانٹ سے چلنے والے منصوبوں پر اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹیز لاگو ہونے پر قانونی وضاحت درکار ہوئی۔ اکتوبر 2022ء میں گوادر منصوبوں کی پیش رفت کے اجلاس میں اس ترمیم کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا تھا۔
بل کے مقاصد اور وجوہات میں کہا گیا ہے کہ وزارت منصوبہ بندی نے وزارت قانون و انصاف کی سفارش پر یہ ترامیم تجویز کیں تاکہ انہیں مالی سال 2020/21ء سے نافذ کیا جا سکے۔ گوادر میں دو بڑے منصوبے — ’پاک چائنا فرینڈشپ ہسپتال‘ اور ’نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ‘ — مالی سال 2020/21ء اور 2021/22ء کے دوران اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹیز کی زد میں آئے تھے۔
چینی گرانٹ فنڈڈ منصوبوں میں اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹیز کی ادائیگی کا کوئی بندوبست شامل نہیں تھا اور متعلقہ محکموں کے پاس بھی اس مد میں ادائیگی کا کوئی طریقہ کار موجود نہیں تھا۔ اسی بنا پر 5 اکتوبر 2022ء کو گوادر پروجیکٹس کی پیش رفت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اینٹی ڈمپنگ ایکٹ میں ترمیم مالی سال 2020/21ء سے مؤثر بنائی جائے تاکہ اس مدت کے منصوبوں کو تحفظ دیا جا سکے۔
