کراچی کے علاقے زمان ٹاؤن میں پولیس نے مضر صحت گٹکا ماوا بنانے اور فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔
ایس ایچ او زمان ٹاؤن سید عدنان بخاری کی سربراہی میں کارروائی کے دوران 16 افراد کو حراست میں لیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان علاقے میں مضر صحت گٹکا ماوا تیار کرکے فروخت کرنے میں ملوث ہیں۔
2 ہزار 450 گٹکا ماوا کے پیکٹس برآمد
پولیس نے کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 2 ہزار 450 تیار گٹکا ماوا کے پیکٹس برآمد کیے۔
اس کے علاوہ چورا، چھالیہ، تمباکو، کیمیکل پاؤڈر اور پیکنگ کا سامان بھی قبضے میں لیا گیا۔
گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں سمیر، عبدالرحمن، طلحہ، سفیان، محمد تنویر، حسیب، سیف علی، محمد علی، سبحان، یونس، ریحان، سہیل، فیضان، نسیم اور محمد نور شامل ہیں۔
ایس ایچ او سید عدنان بخاری نے ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کرلیے ہیں۔ پولیس نے مزید قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔
