کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو سے کمیونٹی پولیسنگ کراچی (CPK) کے وفد نے کراچی پولیس آفس میں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت قائم مقام چیف عامر چھوٹانی نے کی، جبکہ ذیشان حبیب، ڈاکٹر فرح عیسیٰ، مونیزہ بٹ اور ماہین خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کمیونٹی پولیس چیف مراد سونی کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
سی پی کے وفد نے پولیس چیف کو اپنے جاری پروجیکٹس پر بریفنگ دی، جن میں گرین پروجیکٹ، اسمارٹ سرویلنس سسٹم، ویمن وِنگ کا قیام اور منشیات کے خلاف اقدامات شامل تھے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے ان اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ کمیونٹی شراکت داری ہی مؤثر پولیسنگ کی بنیاد ہے۔ انہوں نے گرین پروجیکٹ میں پولیس کے تعاون کی یقین دہانی کرائی تاکہ کراچی کو ایک محفوظ، سرسبز اور جامع شہر بنایا جا سکے۔
ملاقات کے اختتام پر وفد نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

