گلگت (اسٹاف رپورٹر) گلگت بلتستان کے علاقے ہڈور گاؤں کے قریب پاک فوج کا ایک ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوگیا جس کے نتیجے میں پائلٹ سمیت عملے کے تمام پانچ جوان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہیلی کاپٹر نے صبح تقریباً 10 بجے تھکداس کینٹ سے معمول کی تربیتی پرواز بھری تھی کہ دورانِ پرواز اچانک تکنیکی خرابی کے باعث وہ ہڈور گاؤں کے نزدیک گر کر تباہ ہوگیا۔
حادثے میں شہید ہونے والوں میں پائلٹ اِن کمانڈ میجر عاطف، معاون پائلٹ میجر فیصل، فلائٹ انجینئر نائیک سبحان مقبول، کریو چیف حوالدار جہانگیر اور نائیک عامر شامل ہیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق یہ تربیتی پروازیں آرمی ایوی ایشن کی معمول کی سرگرمیوں کا حصہ ہیں جن کا مقصد آپریشنل تیاری کو برقرار رکھنا ہے تاکہ آپریشنل معاونت، انسانی ہمدردی اور قدرتی آفات کے دوران امدادی سرگرمیوں کو یقینی بنایا جا سکے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ شہداء نے اپنے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، اور پاک فوج ہر شعبے میں مکمل تیاری یقینی بنانے کے عزم پر قائم ہے۔
