لاہور کے علاقے رائیونڈ میں معمولی تنازع پر 2 سگے بھائیوں کو بہیمانہ تشدد کرکے قتل کرنے والے 2 ملزمان مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگئے۔
پنجاب کے دریا بپھر گئے، لاکھوں افراد بے گھر، دیہات زیرِ آب، سیلابی ریلا جنوبی پنجاب کی طرف بڑھنے لگا
پنجاب پولیس کے کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ (سی سی ڈی) ذرائع کے مطابق سی سی ڈی چوہنگ کی ٹیم گرفتار ملزمان کو رائیونڈ میں چھاپے کے لیے لے گئی تھی، اس دوران زیرِ حراست ملزمان کے ساتھیوں نے حملہ کرکے انہیں چھڑوانے کی کوشش کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان کے ساتھی توقیر نے دیگر افراد کے ہمراہ پولیس پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں زیرِ حراست ملزمان اویس اور شہزاد ہلاک ہوگئے، تاہم توقیر اپنے ساتھیوں سمیت فرار ہوگیا۔ پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔
پولیس کے مطابق ہلاک ملزمان نے چند روز قبل پھل خریدنے کے دوران صرف 30 روپے کے تنازع پر 2 سگے بھائیوں واجد اور رشید کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا تھا، جس میں دونوں بھائی دم توڑ گئے تھے۔
واضح رہے کہ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں دیکھا گیا کہ دونوں بھائی خون میں لت پت سڑک پر پڑے ہیں جبکہ ملزمان ڈنڈوں سے سرِعام ان پر حملہ کررہے ہیں اور اردگرد لوگ تماشائی بنے کھڑے ہیں۔
گزشتہ روز پولیس نے ملزم شہزاد کو ایس ایچ او رائیونڈ محمد ذکا کی سربراہی میں ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کیا تھا، تاہم آج پیش آنے والے مبینہ پولیس مقابلے میں وہ اور ایک اور ملزم مارے گئے۔
