اسرائیلی میڈیا کے مطابق مظاہرین حکومت سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ تمام اسرائیلی یرغمالیوں کی جلد رہائی کے لیے معاہدے کی مدت کو کم کیا جائے۔ یہ مطالبات اس وقت شدت اختیار کر گئے جب رہا ہونے والے آخری 3 افراد کو خراب طبی حالت میں اسرائیل واپس لایا گیا۔
ہیوی ٹریفک اور پانی ٹینکرز دن کے وقت سڑکوں پر نہ آئیں، سندھ حکومت کی وضاحت ناکافی: آفاق احمد
ایک مظاہرین، کریو، نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ وہ یرغمالیوں کے اہل خانہ اور ہزاروں اسرائیلیوں کے ساتھ مارچ کر رہے ہیں جو وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کی پالیسیوں اور رویے کو مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے نیتن یاہو پر تکبر، جھوٹ اور سازشوں کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یرغمالیوں کو نظرانداز کر دیا ہے۔
اسرائیلی اخبار "اسرائیل ہیوم” کے مطابق پولیس نے احتجاج کے دوران یرغمالی متان زنگاؤکر کی والدہ اور حکومت مخالف کارکن عینو زنگاؤکر کو زبردستی ہٹانے کی کوشش کی، جس پر مظاہرین نے پولیس کے خلاف شدید احتجاج کیا اور کہا کہ انہیں اکیلا چھوڑ دو۔
دریں اثنا، قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ نے رپورٹ کیا ہے کہ حماس نے اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کا اگلا مرحلہ غیر معینہ مدت کے لیے معطل کر دیا ہے اور اسرائیل پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ہے، جس میں فلسطینیوں کو شہید کرنے اور امداد کی فراہمی میں رکاوٹ ڈالنے جیسے الزامات شامل ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر ہفتے تک تمام اسرائیلی قیدیوں کو رہا نہ کیا گیا تو غزہ جنگ بندی کا معاہدہ منسوخ کر دیا جائے گا۔
تل ابیب میں مظاہروں کے ساتھ ساتھ اسرائیلی فوجیوں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں اور غزہ کی پٹی کے گرد فوجی تعداد میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
غزہ میں حالات مزید خراب
دوسری جانب غزہ میں سخت موسمی حالات بے گھر فلسطینیوں کے لیے مشکلات میں اضافہ کر رہے ہیں۔ زیادہ تر فلسطینی عارضی خیموں میں پناہ لیے ہوئے ہیں کیونکہ ان کے گھر اسرائیلی بمباری سے تباہ ہو چکے ہیں۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اب تک اسرائیلی حملوں میں 48 ہزار 208 افراد شہید اور ایک لاکھ 11 ہزار 655 زخمی ہو چکے ہیں، جب کہ غزہ کے سرکاری میڈیا آفس کے مطابق شہیدوں کی تعداد کم از کم 61 ہزار 709 ہے، اور ملبے تلے دبے ہزاروں افراد کو مردہ تصور کیا جا رہا ہے۔
7 اکتوبر 2023 کے حملوں میں اسرائیل میں کم از کم 1 ہزار 139 افراد ہلاک ہوئے تھے، جب کہ 200 سے زائد افراد کو یرغمال بنا لیا گیا تھا۔
