کراچی – ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ساؤتھ زون اسد علی مہرانی کی سربراہی میں اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سندھ نے محکمہ اوقاف کی زمین پر ناجائز قبضہ کرنے والے بلڈر گھنشام داس کو گرفتار کر لیا۔ انسپیکٹر سعادت علی شہانی کی قیادت میں کی جانے والی کارروائی میں بلڈر کے خلاف ایف آئی آر نمبر 11/2024 درج کی گئی تھی، جس میں محکمہ اوقاف کے افسران کی ملی بھگت سے بلڈر نے درگا بی بی میرا پیر لی مارکیٹ کراچی کے لنگر خانہ کی جگہ پر ناجائز تعمیرات کیں۔
ایف آئی آر کے مطابق، مقامی بلڈر محکمہ اوقاف کی مختلف زمینوں پر قبضہ کر کے غیر قانونی تعمیرات کر رہا تھا۔ اینٹی کرپشن ٹیم نے اس سلسلے میں بلڈر کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے، اور طویل جدوجہد کے بعد اُسے حراست میں لے لیا۔
اس کامیاب کارروائی پر ڈائریکٹر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سندھ امتیاز ابڑو نے ڈپٹی ڈائریکٹر اسد علی مہرانی اور انسپیکٹر سعادت علی شہانی کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ کرپشن کے خلاف اس طرح کی کارروائیاں جاری رہنی چاہئیں تاکہ کرپٹ اور رشوت خور افسران احتساب سے بچ نہ سکیں۔
وزیر محمد بخش مہر نے بھی اینٹی کرپشن کی کامیاب کارروائی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ سندھ میں کرپشن کے خلاف بلا امتیاز اقدامات کیے جائیں گے اور کوئی بھی طاقتور افسر کرپشن میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔