تشکر نیوز: پاکستان آرمی نے دیوسائی اسکردو میں شدید برفباری کے دوران پھنسے ہوئے 15 مسافروں کو کامیاب آپریشن کے ذریعے ریسکیو کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق، گزشتہ روز 15 مسافر دو گاڑیوں میں گلتری سے دیوسائی کے راستے اسکردو جا رہے تھے کہ برفباری کے باعث دیوسائی میں پھنس گئے۔ مسافروں کے اہلخانہ اور مقامی افراد نے زمینی رابطہ منقطع ہونے کے بعد پاک آرمی سے مدد کی اپیل کی۔
“بلوچستان: دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے میجر محمد حسیب اور حوالدار نور احمد جام شہادت نوش، مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ دفن”
پاک آرمی نے فوری طور پر ہوائی اور زمینی ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ زمینی ٹیم نے انتہائی سرد اور برفباری کے باوجود پیدل سفر کر کے مسافروں تک پہنچنے میں کامیابی حاصل کی۔ اس کے علاوہ، پاک فوج کے دو ہیلی کاپٹر بھی ریسکیو آپریشن میں شامل ہوئے۔
موسم کی خرابی اور شدید برفباری کے باوجود پاک آرمی کا آپریشن کامیاب رہا اور تمام مسافروں کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا۔ مسافروں اور ان کے اہلخانہ نے بروقت اور مؤثر آپریشن پر پاک آرمی کا شکریہ ادا کیا۔