لاہور: پاکستان ویمنز ٹیم کی سابق کپتان بسمہ معروف نے کرکٹ سے فوری ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ بسمہ معروف نے 276 بین الاقوامی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی جو قومی ریکارڈ ہے، انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ میں 6262 رنز بنائے اور 80 وکٹیں حاصل کیں۔
بسمہ معروف نے کہا کہ اس کھیل کو خیرباد کہہ رہی ہوں جس سے مجھے بہت پیار ہے، کرکٹ کا یہ سفر یادگار رہا ہے اور یہ یادیں ہمیشہ ساتھ رہیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ، ساتھی کھلاڑیوں، فیملی اور پرستاروں نے ہر قدم پر میرا ساتھ دیا۔
دوسری جانب پاکستان ویمنز کرکٹ ڈپارٹمنٹ کی سربراہ تانیہ ملک کا کہنا ہے کہ ویمنز کرکٹ کے لیے بسمہ معروف کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
یاد رہے کہ ویسٹ انڈین ویمن کرکٹ ٹیم کے خلاف پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی مایوس کن کارکردگی پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ایکشن لیتے ہوئے پہلے مرحلے میں ویمن سلیکشن کمیٹی تحلیل کر دی تھی۔
سیریز ہارنے پر ویمن کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ محتشم رشید نے بھی کہا تھا کہ ہم نے جو تیاری کی تھی اس کے مطابق نہیں کھیل پائے، ورلڈ چیمپئن شپ کے پوائنٹس اہم تھے جو ہم نہ لے سکے۔