امریکی صدر جوبائیڈن نے چین کی الیکٹرک گاڑیوں پرپابندی عائد کرنے پر زور دیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن چین کی الیکٹرک گاڑیوں کی امریکا میں درآمدات پر پابندی عائد کرنے پرزور دے رہے ہیں۔
اس سلسلے میں گزشتہ ماہ ایک بیان میں امریکی صدر نے کہا تھا کہ چین کی پالیسیاں ہماری مارکیٹوں کو اس کی گاڑیوں سے بھردیں گی جو ہماری قومی سلامتی کو خطرہ ظاہر کرتی ہیں لیکن وہ اپنے سامنے یہ سب نہیں ہونے دیں گے۔
اس حوالے سے سینیٹ کی بینکنگ کمیٹی کے سربراہ سینیٹر شیروڈ براؤن نے ایک خط بھی لکھا ہے جس میں انہوں نے چین کی الیکٹرک گاڑیوں کو امریکی آٹو انڈسٹری کے لیے ایک بڑا خطرہ قرار دیا ہے۔
شیروڈ براؤن نے کہا کہ ہم چین کو اس کی حکومت کی طرف سے امریکی آٹو انڈسٹری میں جعل سازی کی اجازت نہیں دیں گے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق وائٹ ہاؤس کی جانب سے اس خبر پر طور پر کوئی ردعمل نہیں دیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہےکہ چین کی الیکٹرک گاڑیوں کے معاملے پر یہ کسی بھی امریکی قانون ساز کی طرف سے ایک مضبوط مؤقف ہے جب کہ دیگر قانون سازوں نے بھی چینی الیکٹرک گاڑیوں کے لیے بھاری بھرکم ٹیرف رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فروری میں وائٹ ہاؤس کی جانب سے کہا گیا تھا کہ امریکا اس حوال سے تحقیقات کررہا ہے کہ چینی کاریں کس طرح قومی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں۔