تشکر نیوز: ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ٹریفک احمد نواز نے شہر کے بڑے شاپنگ سینٹرز سے موٹر سائیکل اور گاڑیوں کے لفٹنگ چارجز ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ تشکر نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز نے کہا کہ شہری اپنی نو پارکنگ مقامات سے اٹھائی گئی گاڑیاں اور موٹر سائیکل افطاری کے بعد بغیر جرمانے کے لے جاسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شہری ایسی جگہوں پر پارکنگ نہ کریں جس سے ٹریفک کی روانی متاثرہو۔ ڈی آئی جی ٹریفک پولیس نے کہا کہ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں مارکیٹوں اور شاہراہوں پر اضافی نفری لگا دی گئی ہے اور اہلکاروں کو غیر ضروری چالان کرنے سے روکا گیا ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے ون وے اور رونگ وے کی خلاف ورزی پرچالان کرنے کی ہدایت کی ہے۔ واضح رہے کہ ڈی آئی جی ٹریفک پولیس نے گزشتہ دنوں کراچی میں شام 5 بجے سے افطار تک شہریوں کے چالان نہ کرنے کی ہدایت تھی۔
احمد نواز نے کہا تھا کہ ٹریفک دباؤ پر قابو پانا اولین ترجیحات میں شامل ہے، ٹریفک اہلکاروں کو اچھا رویہ اپنانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی فیملی کے ہمراہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتا ہے تو اس کو چالان کے بجائے وارننگ دی جائے، ون وے کی خلاف ورزی پر فوکس کریں۔