راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی کارروائیوں کے دوران 17 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کارروائیاں مستونگ، نوشکی، زہری، خضدار اور کیچ کے علاقوں میں کی گئیں، جو 24 مئی 2026 کو پیش آنے والے ریل حادثے کے بعد حاصل ہونے والی انٹیلی جنس معلومات کی روشنی میں کی گئیں۔
بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کے تبادلے میں 17 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جن کا تعلق بھارتی حمایت یافتہ تنظیم “فتنۃ الہندوستان” سے بتایا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، بارودی مواد اور دھماکا خیز ڈیوائسز بھی برآمد کی گئیں، جو مبینہ طور پر دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں استعمال کی جا رہی تھیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ عناصر بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردی کے کئی واقعات میں ملوث رہے ہیں، جبکہ علاقے کو مکمل طور پر کلیئر کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے “عزمِ استحکام” کے وژن کے تحت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، اور ملک سے بیرونی حمایت یافتہ دہشت گرد نیٹ ورکس کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔