کراچی: ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس نے تھانہ منگھوپیر کی حدود میں کارروائی کرتے ہوئے چھری کے زور پر شہری سے موٹر سائیکل چھیننے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق ملزمان نے 31 مئی 2026 کو شہری غلام یاسین سے چھریوں کے زور پر موٹر سائیکل چھینی تھی، جس کا مقدمہ الزام نمبر 324/2026 زیر دفعہ 392/397/34 تعزیراتِ پاکستان کے تحت تھانہ منگھوپیر میں درج کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے منگھوپیر کے علاقے سے دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے شہری سے چھینی گئی موٹر سائیکل اور نقدی رقم بھی برآمد ہوئی۔
گرفتار ملزمان کی شناخت سید الرحمن ولد بسم اللہ خان اور حبیب اللہ ولد میر خاتم کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے تفتیشی حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ ان کے کرمنل ریکارڈ کی چھان بین بھی جاری ہے۔
