نوشہروفیروز: قومی شاہراہ پر جاری تعمیراتی کام کے دوران ٹریفک کی روانی، شہریوں کی حفاظت اور سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ایک اہم رابطہ اجلاس ایس ایس پی نوشہروفیروز میر روحل خان کھوسو کے دفتر میں منعقد ہوا۔
اجلاس کی صدارت ایس ایس پی نوشہروفیروز نے کی جبکہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے ایس پی اور سیکٹر کمانڈر سکرنڈ افضل مجید نے خصوصی شرکت کی۔
اجلاس میں قومی شاہراہ پر تعمیراتی سرگرمیوں کے باعث پیدا ہونے والی ٹریفک صورتحال، حادثات کی روک تھام اور شہریوں کی حفاظت سے متعلق امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔
دونوں اداروں نے مؤثر رابطے کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے این ایچ ایم پی مورو اور کنڈیارو دفاتر میں وائرلیس بیس سیٹس نصب کرنے پر اتفاق کیا، تاکہ 24 گھنٹے فوری رابطہ اور بروقت رسپانس کو یقینی بنایا جا سکے۔
مزید یہ کہ گشت کے نظام کو مؤثر بنانے، پولیس چوکیوں کو مضبوط کرنے اور جامع ٹریفک مینجمنٹ پلان کے نفاذ پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے ٹریفک حادثات میں کمی اور شہریوں کو محفوظ سفری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

