کراچی میں پانی کی فراہمی و انفراسٹرکچر منصوبوں پر اہم پیشرفت، وزیراعلیٰ سندھ کی ورلڈ بینک سے ملاقات

کراچی میں پانی کی فراہمی، انفراسٹرکچر کی بہتری اور کے فور (K-IV) منصوبے کی پیشرفت سے متعلق اہم اجلاس وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں ورلڈ بینک کی اعلیٰ سطحی ٹیم نے بھی شرکت کی۔
اسٹریٹ کرائم میں ملوث عادی ملزم گرفتار، اسلحہ برآمد

اجلاس میں کراچی کے لیے پانی کی بڑھتی ہوئی ضروریات، واٹر میٹرنگ نظام، کچی آبادیوں میں ترقیاتی کاموں اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن (KW&SC) میں اصلاحات پر تفصیلی غور کیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی کی تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر پانی کی مؤثر فراہمی اور شفاف گورننس ناگزیر ہے۔ انہوں نے کے فور منصوبے کو شہر کے مستقبل کے لیے انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے ہدایت دی کہ تمام انتظامی اور تکنیکی رکاوٹیں فوری طور پر دور کی جائیں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام جاری منصوبوں کی پیشرفت کا ہر 15 دن بعد جائزہ لیا جائے گا تاکہ ان کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔

ورلڈ بینک کے وفد نے بھی کراچی کے واٹر سیکٹر میں جاری اصلاحات اور منصوبوں میں تعاون کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ حکام نے K-IV آگمنٹیشن، پائپ لائن بچھانے اور کنزیومر میٹرز کی تنصیب کے منصوبوں پر پیشرفت سے آگاہ کیا۔

صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے بتایا کہ میٹرنگ سسٹم کے تحت 2027 تک تمام صارفین کے میٹرز نصب کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ متعدد بنیادی انفراسٹرکچر منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ واٹر سسٹم میں بہتری کے لیے چیمبرز کی تعمیر اور پائپ لائن منصوبوں پر پیشرفت جاری ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے واضح کیا کہ سندھ حکومت ورلڈ بینک کے تعاون سے کراچی میں پانی کی فراہمی کا جدید اور پائیدار نظام قائم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

One thought on “کراچی میں پانی کی فراہمی و انفراسٹرکچر منصوبوں پر اہم پیشرفت، وزیراعلیٰ سندھ کی ورلڈ بینک سے ملاقات

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!