اسلام آباد میں Power Division Pakistan نے بجلی صارفین کی معلومات چوری کیے جانے کے خدشے کے پیش نظر اہم ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے عوام کو جعلی کیو آر کوڈز اور مشکوک لنکس سے محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
ایپکا وفد کی چیئرمین میٹرک بورڈ کراچی سے ملاقات، ملازمین کے مسائل، پروموشنز اور اصلاحات پر اہم یقین دہانیاں
پاور ڈویژن کے ترجمان کے مطابق بعض عناصر بجلی بلوں پر موجود کیو آر کوڈ یا جعلی لنکس کے ذریعے صارفین سے ذاتی اور مالی معلومات حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ صارفین کو ایک مخصوص لنک پر کلک کرنے کے بعد چار مختلف مراحل میں اپنی معلومات درج کرنے کا کہا جاتا ہے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ معلومات درج کرنے کے بعد صارفین سے اسی لنک پر 6 ہندسوں پر مشتمل کوڈ مانگا جاتا ہے، جس کے ذریعے فراڈیے حساس معلومات تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
ترجمان پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ بجلی کے بل سے متعلق معلومات صرف متعلقہ اور مجاز پلیٹ فارم پر ہی درج کی جا سکتی ہیں، جبکہ کسی غیر مصدقہ لنک یا پلیٹ فارم پر معلومات فراہم کرنا غیر قانونی اور خطرناک عمل ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ بعض جرائم پیشہ عناصر کیو آر کوڈز کا استعمال کرکے صارفین کو دھوکہ دینے اور ان کا ڈیٹا چوری کرنے کے مذموم عزائم رکھتے ہیں، اس لیے شہری کسی بھی مشکوک لنک، ایپ یا کاغذی فارم پر اپنی ذاتی معلومات درج نہ کریں۔
پاور ڈویژن کے مطابق معاملے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے تاکہ سائبر فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ بجلی صارفین کسی بھی قسم کی سبسڈی یا رعایت کے حصول کے لیے غیر مصدقہ ڈیجیٹل یا کاغذی ذرائع پر معلومات فراہم کرنے سے گریز کریں اور صرف سرکاری ذرائع پر ہی اعتماد کریں۔
